اںٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل کے سابق امپائر علیم ڈار نے سرفراز احمد کو قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق اور موجودہ کپتان بابراعظم سے بہتر قرار دے دیا۔
آئی سی سی کے سابق ایلیٹ پینل امپائر علیم ڈار سے ایک انٹرویو کے دوران سوال ہوا کہ آپ اپنے کیرئیر میں کس کپتان کو اچھا قرار پایا؟
جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مصباح الحق، شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور بابراعظم کی اپنی اپنی صلاحتیں ہیں لیکن میرا ماننا ہے کہ اگر کسی کے پاس کپتانی کی مہارت تھی تو وہ سرفراز احمد تھے۔
انہوں نے کہا کہ بطور وکٹ کیپر کپتان ایک بہترین فیصلہ لے سکتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ بولر کس طرح کی بالنگ کرواکر حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔علیم ڈار نے قومی ٹیم کے موجودہ کپتان اور آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ایک بلے باز بابر اعظم کی موجودہ کامیابی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انفرادی کارکردگی اور کپتانی کی مہارت ہی کافی نہیں، کپتان کی بنیادی ذمہ داری ٹیم ورک کو فروغ دینا اور کھلاڑیوں کو متحد کرنا ہے۔