پاکستان کی میزبانی میں شروع ہونے والے ایشیاءکپ سے قبل ٹیموں کی جرسی پر میزبان ملک کا نام نہ ہونے پر شائقین کرکٹ آگ بگولہ ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر کئی صارفین نے نشاندہی کروائی کہ گزشتہ برس ایشیاءکپ 2022 میں جب ٹیمز نے آفیشل جرسی پہنی تھی تو سری لنکا کی میزبانی کا لوگو موجود تھا تاہم پاکستان کی میزبانی کا لوگو نہ ہی گرین شرٹس کی جرسی پر موجود ہے نہ دیگر ایشیائی ٹیمز کی۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے آفیشل کٹ کا اعلان کیا تو اُس پر بھارت کا نام قابلِ ذکر طور پر موجود تھا۔
رواں ایشیاءکپ کے ایڈیشن کا میزبان پاکستان ہے لیکن ٹیمز کی جرسی پر میزبان ملک کا نام درج نہ ہونے پر پاکستانی فینز مایوسی نظر آتے ہیں جبکہ مختلف دلائل بھی پیش کررہے ہیں۔
ٹی20 فارمیٹ پر کھیلا گیا پچھلا ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات نے ہوسٹ کیا تھا تاہم اس کا کا اصل میزبان سری لنکا تھا جس کا نام ٹیمز کی جرسی پر موجود تھا۔
واضح رہے کہ ایشیاءکپ کا آغاز 30 اگست سے پاکستان اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان ملتان میں شیڈول میچ سے ہوگا۔