قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے ایک دن میں 300 چھکے مارنے سے متعلق اپنے بیان کی غلط تشریح کرنے پر ناقدین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اسکواڈ کا حصہ بننے والے آصف علی نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں پیٹرول پر نہیں چلتا کہ روزانہ 300 چھکے ماروں گا، کرکٹر نے کہا کہ البتہ این سی اے میں نیٹس میں پریکٹس کے دوران ایک دن میں 100 سے زیادہ چھکے لگاتا تھا تاکہ میچ میں 4 یا 5 چھکے لگا سکوں، یہ پریکٹس پی ایس ایل میں کام آئے گی‘‘۔
انہوں نے اپنے بیان کی غلط تشریح کرنے والے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے میرے بیان کی غلط تشریح کرکے اپنے انداز میں پیش کیا جس سے بات کا مطلب ہی بدل گیا۔
جارح مزاج کرکٹر نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے پاکستانی ٹیم سے باہر ہوں، اپنی کوتاہیوں پر کام کررہا ہوں جلد ٹیم میں کم بیک کروں گا۔
آصف علی نے کہا کہ ‘کرکٹ دباؤ کا نام ہے، مجھے بیرون ملک مختلف ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ہے تاہم پی ایس ایل میں الگ انداز میں پرفارم کروں گا’۔