آسٹریلیا، پاکستان، بھارت 3 فریقی سیریز: ’’ہم کوشش کرتے رہیں گے‘‘

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ فریقی سیریز کے انعقاد کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ 
سی اے کے کرکٹ آپریشنز مینیجر پیٹر روچ نے مستقبل میں تینوں ممالک کے درمیان سیریز کروانے کی ٹھان لی۔ 
پیٹر روچ نے منگل کے روز کہا تھا کہ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ، بھارت اور پاکستان کے درمیان میچز کے انعقاد کے امکانات کو تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے گذشتہ روز اپنے ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا، محدود اوورز کے مقابلوں میں پاکستان کیخلاف 3 ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کے علاوہ بھارت کیخلاف پانچ ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی کینگروز کے شیڈول میں شامل ہے۔ 
آسٹریلوی بورڈ کے مینیجر پیٹر روچ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ملکی سیریز کے انعقاد کی کوشش کرتا رہے گا، تاہم کچھ وجوہات کی بنا پر اس سیزن میں یہ مقابلے شائقین کرکٹ کو دیکھنے کو نہیں مل سکیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ “ہمارے پاس (فیوچر ٹورز پروگرام) میں سہ فریقی سیریز فی الحال نہیں ہے تاہم دلچسپی رکھتے ہیں کہ مستقبل میں ہمارے شائقین کو پاک بھارت مقابلے دیکھنے کو ملیں۔ 

کرکٹ آسٹریلیا کے مینیجر پیٹر روچ نے مزید کہا کہ ہمارے فیوچر ٹور پروگرام میں اس وقت سہ فریقی سیریز کے انعقاد کی گنجائش نہیں ہے، لیکن ہم دونوں بورڈز سے بات کرکے آگے آنے والے دنوں میں سیریز کے انعقاد پر غور کریں گے۔