ایوارڈ فلسطینیوں کےنام کیوں کیا؟ رضوان کے اقدام پربھارتی چراغ پَا

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جانب سے مین آف دا میچ ایوارڈ غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کرنے پر بھارتی صحافی وکرانت گپتا چراغ پَا ہوگئے۔
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں سری لنکا کیخلاف ریکارڈ ساز جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اپنا ایوارڈ غزہ کے مظلوم فلسطینوں کے نام کیا تو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گُپتا نے سوال اٹھایا کہ کیا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اس کی اجازت دیتی ہے۔؟
 
انہوں نے لکھا کہ کیا کرکٹرز کے لیے آئی سی سی ایونٹس کے دوران سیاسی اور مذہبی بیانات دینے پر پابندی نہیں؟ 
مجھے یاد ہے کہ ورلڈکپ 2019 کے دوران مہندرا سنگھ دھونی کو اپنے دستانے سے آرمی کا نشان ہٹانے کو کہا گیا تھا۔

اس سے قبل بھی بھارتی میڈیا محمد رضوان سمیت کئی پاکستانی کرکٹرز کی کھیل کے میدان میں سجدہ شکر بجالانے اور نماز کی ادائیگی پر بھی سوالات اُٹھاتا رہا ہے۔ 
واضح رہے کہ گذشتہ روز سری لنکا کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو مین آف دا میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا جو انہوں نے اسرائیل کے ہاتھوں غزہ میں شہید ہونے والے بہن بھائیوں کے نام کیا تھا، جس پر بھارتی میڈیا اور کئی صحافی چراغ پَا ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینوں کی تعداد 900 سے زائد ہوچکی ہے جبکہ جوابی کارروائی میں حماس نے جواب دیتے ہوئے 1200 سے زائد اسرائیلی ہلاک کردیئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ بھارت میں بی جے پی کی حکومت نے اسرائیل کے فلسطین پر مظالم کی حمایت کرتی ہے جبکہ کئی بھارتی اداکاروں کو فلسطینیوں کی حمایت پر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔