ون ڈے رینکنگ؛ ٹاپ پوزیشن بابر اعظم سے ایک قدم دور

ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بابر اعظم سے ایک قدم دور رہ گئی جب کہ وہ بھارتی اوپنر روہت شرما کی جگہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

پاکستانی کپتان بابراعظم نے ون ڈے رینکنگ میں روہت شرما کی جگہ دوسری پوزیشن سنبھال لی،اب ان سے آگے بھارت کے قائد ویرات کوہلی ہی موجود ہیں، بابر کی ترقی کا باعث خود روہت بنے جنھیں انگلینڈ سے پہلے میچ میں مایوس کن بیٹنگ کی وجہ سے ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی اسٹار کے پوائنٹس 837ہیں،کوہلی 868  ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں، واضح رہے کہ بابر اعظم کی ٹی 20 میں تیسری پوزیشن ہے۔

پہلے ایک روزہ میچ میں 94 رنز بنانے والے انگلش کرکٹر جونی بیئر اسٹو 4 درجے ترقی سے کیریئر بیسٹ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، بھارتی اوپنر شیکھر دھون 98 رنز کی فاتحانہ اننگز کی بدولت 2  درجے ترقی سے 15 ویں نمبر پرآگئے، بنگلادیش سے دوسرے میچ میں سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے ٹاپ لیتھم 5 درجے ترقی سے 30 ویں نمبر پر پہنچے۔

آل راؤنڈرز میں پاکستانی عماد وسیم کا پانچواں نمبر ہے۔ بولرز میں ٹاپ پوزیشن کیوی ٹرینٹ بولٹ کے پاس ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر بدستور بولرز رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود ہیں۔