بابراعظم اورکراچی کنگزکے تعلقات میں دراڑآ گئی

بابر اعظم اور کراچی کنگز کے تعلقات میں دراڑ آ گئی جب کہ سینئر بیٹسمین بعض معاملات پر اپنی فرنچائز کے رویے سے خوش نہیں ہیں۔

2016میں پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں بابر اعظم نے اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کی تھی،2 میچز میں وہ صرف 15رنز ہی بنا سکے تھے، اس کے بعد وہ کراچی کنگز سے وابستہ ہو گئے،2017میں 291 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے دوسرے نمایاں بیٹسمین ثابت ہوئے،تیسرے ایڈیشن میں 402 اور چوتھے میں 335 رنز اسکور کیے۔

گذشتہ برس بابر اعظم نے سب سے زیادہ 473 رنز بنا کر کراچی کنگز کی ٹائٹل فتح میں اہم کردار نبھایا، وہ فائنل اور ایونٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے،رواں سال بھی بابر کی کارکردگی بہترین رہی اور انھوں نے 554رنز اسکور کیے، البتہ اپنی ٹیم کے ساتھ اب ان کے تعلقات مثالی نہیں ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ رواں سال بعض مالی معاملات پر اختلافات ہوئے اس لیے ایک بڑی تشہیری مہم میں بابر نظر نہ آئے،انھیں اس بات کا بھی رنج ہے کہ جب ایک نجی مسئلہ سامنے آیا تو اسے مخصوص میڈیا پر حد سے زیادہ اچھالا گیا۔

بابر نے اب کراچی کنگز کو چھوڑنے کا ذہن بنا لیا ہے، البتہ وہ اس وقت پاکستان کرکٹ کے سب سے مقبول کھلاڑی ہیں فرنچائز کسی صورت ان کی خدمات سے محروم نہیں ہونا چاہتی، اس لیے منانے کی کوشش بھی جاری ہے، اگر معاملات طے نہ ہوئے تو جنوری میں پی ایس ایل7کے دوران بابر اعظم کسی اور ٹیم کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

دوسری جانب رابطے پرکراچی کنگز کے ترجمان فیصل مرزا نے کہاکہ بابر اعظم اور فرنچائزکے تعلقات میں کوئی کشیدگی نہیں ہے۔