بابراوررضوان کی تنزلی، ٹریوس ہیڈ دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سوریا کماریادیو سے پہلی پوزیشن چھن گئی جبکہ بابراعظم اور رضوان کی بھی تنزلی ہوئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابر اور رضوان اپنی جگہ سے نیچے کھسک گئے ہیں جبکہ  ٹریوس ہیڈ، بھارتی بلے باز ایس کے وائی کی جگہ نمبر ون بلے باز بن گئے ہیں۔ 
نئی رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں نئے شامل ہونے والے ویسٹ انڈیز کے بلے باز جانسن چارلس ہیں جو چار درجے ترقی کرکے اوپرآگئے ہیں جبکہ افغانستان کے رحمان اللہ گرباز پانچ درجے ترقی کرنے کے باوجود ٹاپ ٹین سے باہر ہیں۔  
بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو دسمبر 2023 سے نمبر ون بیٹر تھے تاہم اب آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 4 درجے ترقی کے بعد ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون بیٹر بن گئے ہیں۔ قومی ٹیم  کےکپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان  ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ایک ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے اور پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے تحت  بھارت کے سوریا کمار یادیو، انگلینڈ کے  فل سالٹ، ٹیم پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹرمحمد رضوان کی رینکنگ میں ایک ایک درجے تنزلی ہوئی ہے۔ اب اس فہرست میں سوریا کمار یادیو دوسرے، فل سالٹ تیسرے، بابر اعظم چوتھے اور محمد رضوان پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ 
رینکنگ کے تحت ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس 4 درجے ترقی کے بعد 10 ویں،افغانستان کے رحمان اللہ گرباز 5 درجے ترقی کے بعد 11ویں، انگلینڈ کے جونی بیرسٹو 14 درجے ترقی کے بعد 13 ویں اور جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک 10 درجے ترقی کے بعد 15ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ 
ٹی ٹو ئنٹی آل  راؤنڈرز رینکنگ: 
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں سری لنکا کے وانندو ہسارنگا دوبارہ نمبر ون پر آگئے ہیں اور افغانستان کے محمد نبی 2 درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے ہاردیک پانڈیا 4 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبرپر ہیں جب کہ آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس پہلے سے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں اس رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم 11 نمبر پر موجود ہیں۔ 
ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ: 
بولرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے عادل رشید کا پہلا نمبر برقرار ہے، افغانستان کے راشد خان 2 درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس رینکنگ میں وانندو ہسارنگا تیسرے،  جوش ہیزل ووڈ چوتھے، عقیل حسین پانچویں اور ایڈم زمپا 2 درجہ بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔  
آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ میں بھارت کے کلدیپ یادیونے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 20 درجہ بہتری کے بعد گیارہویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔