قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز میں فتح کا تسلسل زمبابوے کیخلاف بھی برقرار رکھیں گے، کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوچکے اور جیت کیلیے پر عزم ہیں،ٹیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ پچ دیکھتے ہوئے کرینگے۔
بابر اعظم نے کہا کہ زمبابوے کی کنڈیشنز مختلف ہیں،ٙٹی ٹوئنٹی پچ 150رنز والی تھی، ٹیسٹ پچ پر تھوڑی گھاس اور سپورٹنگ لگ رہی ہے، ٹیسٹ اسکواڈ میں اظہر علی اور فواد عالم تجربہ کار ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پیس بیٹری میں شاہین شاہ اور حسن علی موجود ہیں، کمبی نیشن بہتر ہے، کسی کی فارم لگی ہو تو آخر تک کھیلے، یہی میں اور رضوان کرتے رہے، یہی ٹیسٹ سیریز میں کرینگے، ٹیسٹ اوپنرز عابد علی نے ماضی میں پرفارم کیا، عمران بٹ نے ابھی دو میچ کھیلے، انہیں اعتماد دینا ہوگا، امید ہے کہ دونوں پرفارم کرینگے۔
کپتان نے مزید کہا کہ زمبابوے کی ٹیم اپنی کنڈیشنز میں مشکل حریف ثابت ہوتی ہے، ٹی ٹوئنٹی میں زبردست کم بیک کیا،شکست کا خوف محسوس نہیں کررہے لیکن میزبان ٹیم کو آسان لینے کی غلطی بھی نہیں کرسکتے، اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔