کراچی: سابق بھارتی مڈل آرڈر بیٹسمین سنجے منجریکر بھی بابر اعظم کے مداح نکلے۔
سنجے منجریکر نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا نے نوجوان بیٹسمین کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ رمیزراجہ کے یوٹیوب چینل پرگفتگو کرتے ہوئے منجریکر نے کہاکہ بابر اعظم کو ایکشن میں دیکھنا مجھے بہت پسند ہے، میں ان کے کیریئر کا جائزہ لے رہا ہوں، انھوں نے گذشتہ 5 میچز میں 4 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں، جب کوئی آسٹریلیا میں سنچری اور 90 رنز بنائے تو پھر اس کا نوٹس لینا ہی پڑتا ہے۔
یاد رہے کہ بابر کا ٹیسٹ کرکٹ میں آغاز کافی سست رہا مگر اب وہ 26 طویل طرز کے میچز میں 45.12 کی اوسط سے 1850 رنز اسکور کرچکے ہیں۔