بابراعظم کوایک بارپھروائٹ بال فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کا کپتان بنادیاگیا  

قومی کرکٹر بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کا کپتان بنادیا گیا۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کے بعد بابراعظم کو ٹی20 اور ون ڈے فارمیٹ میں گرین شرٹس کی قیادت دوبارہ سونپ دی گئی ہے۔ 
گزشتہ برس آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث بابراعظم تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے تھے جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی20 اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔ 
دوسری جانب شاہین آفریدی کو کپتانی ملنے کے بعد محض ایک ٹی20 سیریز میں قیادت کا موقع فراہم کیا گیا، جس میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
واضح رہے کہ بابراعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ ٹی20 ورلڈکپ 2023 سمیت انہیں 71 ٹی20 میچز میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ 
ب
ابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے 42 میچز جیتے اور گرین شرٹس کو23 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔