قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز کا اسکواڈ تشکیل دیں گے۔
بابراعظم کی ٹیم کے انتخاب میں مشاورت شامل ہوگی، وہ خود بھی مضبوط ٹیم ترتیب دینے کے لیے پُراعتماد ہیں، لیگ کے لیے پلیئرز کی نیلامی بدھ کو منعقد ہونے والی ہے، سری لنکن لیگ کا چوتھا ایڈیشن 30 جولائی سے 22 اگست تک منعقد ہوگا۔
لیگ میں کولمبو اسٹرائیکرز میں شامل کیے جانے والے بابراعظم نے نیلامی میں مزید عمدہ پلیئرز کو لے کر مضبوط اسکواڈ ترتیب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے، کولمبواسٹرائیکرز نے بابراعظم کے علاوہ پاکستانی پیسر نسیم شاہ، سری لنکا کے ٹی 20 پلیئرز متھیشا پراتھینا اور چمیکا کرونارتنے کی خدمات حاصل کررکھی ہیں۔
کولمبو اسٹرائیکرز نے اپنی ویب سائٹ پر بابراعظم کے حوالے سے لکھا کہ کسی بھی فرنچائز کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیلامی کا عمل سب سے اہم ہوتا ہے، ہم نے باہمی طور پر تبادلہ خیال کیا ہے کہ ہمیں ٹیم کے لیے مزید کس قسم کے کھلاڑی درکار ہوں گے۔
یقینی طور پر ایونٹ کے لیے ہم ایک مضبوط اسکواڈ ترتیب دینا چاہیں گے، ایونٹ میں شریک ہر فرنچائز کو 20 پلیئرز حاصل کرنے کا اختیار ہے، جس میں 14 سری لنکن اور 6 غیرملکی کرکٹرز ہوسکتے ہیں، راؤنڈ روبن مرحلے پر ہر ٹیم 2 بار ایک دوسرے کے مقابل آئے گی جس کے بعد 4 ٹیمٰں پلے آف مرحلے میں جگہ بناپائیں گی۔
نیلامی سے قبل دمبولا اور ان کی ٹیم نے میتھیو ویڈ، کوشل مینڈس، لونگی نگیڈی، اویشکا فرنانڈو، جافنا کنگز نے ڈیوڈ ملر، ٹریشا پریرا، رحمان اللہ گرباز، مہیش تھیکاشانے، کینڈی فالکنز نے مجیب الرحمان، ونندو ہسارنگا، فخرزمان، اینجیلو میتھیوز اور گال گلیڈی ایٹرز نے شکیب الحسن، ڈوسان شناکا، تبریز شمسی اور بھانوکا راجاپکسے کی خدمات یقینی بنالی ہیں۔