بھارت میں شیڈول دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ، ورلڈکپ میں شرکت سے قبل کپتان بابراعظم نے شائقین اور مداحوں کے لیے خصوصی بیان جاری کردیا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ورلڈکپ کے لیے روانگی سے قبل ٹیم کی اور اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام جاری کیا جس میں لکھا جیسا کہ ہم ورلڈکپ کیلئے روانہ ہورہے ہیں، میری درخواست ہے کہ شائقین کرکٹ ہمیں سپورٹ کریں اور قومی ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کریں۔
کپتان نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ فینز کی سپورٹ اور محبت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
گذشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھی کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ہم بھارت میں پاکستانی سپورٹرز کی کمی محسوس کریں گے اگرچہ دنیا بھر سے شائقین کرکٹ اور فینز بھارت میں موجود ہوں گے مگر پاکستانی شائقین کو بھارتی ویزے نہ ملنے کے باعث قومی ٹیم پاکستانی سپورٹرز سے محروم رہے گی۔
قومی ٹیم رات گئے بھارت میں کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوئی۔ 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ 3 ریزرو کھلاڑی بھی شامل ہیں جبکہ کوچز اور معاون عملہ سمیت 13 ارکان بھی اسکواڈ میں موجود ہیں۔
بولنگ کوچ مورنے مورکل آج دبئی میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے جبکہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر 30 ستمبر کو انگلینڈ سے براہ راست بھارت پہنچیں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے دبئی میں 9 گھنٹے قیام کے بعد گریشن شرٹس کے اسکواڈ کی اگلی منزل حیدرآباد ہوگی، قومی اسکواڈ بھارتی وقت کے مطابق رات 8:15 حیدرآباد پہنچے گا۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس کو اپنا پہلا وارم اَپ میچ اگلے ہی روز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے بعدازاں قومی ٹیم 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اُترے گی۔