انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی عالمی رینکنگ کا اعلان کردیا، بابراعظم کی مزید ایک درجہ تنزلی ہوگئی۔
آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 882 رینٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چار درجہ ترقی پاکر دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں، انہوں نے ایشز سیریز کے مسلسل دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں 110 جبکہ دوسری اننگز میں 34 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو دوسری بارفتح سے ہمکنار کروایا۔
فہرست میں آسٹریلیا کے مارنو لبوشین 873 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ کینگروز کے بیٹر ٹریوس ہیڈ 872 پوائنٹس کے ہمراہ چوتھی پوزیشن پر قابض ہیں۔
اسی طرح انگلش بیٹر جو روٹ 4 درجے تنزلی کے بعد پانچویں جبکہ کپتان بابراعظم چھٹے نمبر پر آگئے ہیں، ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 862 ہے۔
ٹاپ 10 ٹیسٹ بالرز کی رینکنگ میں پاکستان کے شاہین آفریدی سری لنکا کے خلاف سیریز میں اِن ایکشن ہوں گے، وہ ایک درجہ ترقی پاکر چھٹی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ بھارت کے روی ایشون 860 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے، وہ بدستور 886 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ فخر زمان اور امام الحق تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
ٹی20 کی عالمی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو پہلے جبکہ محمد رضوان اور کپتان بابراعظم بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر قابض ہیں۔