انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ترقی پا کرچوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے۔
سری لنکا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بابراعظم نے صرف 76 رنز بنائے تاہم خوشی قسمتی سے ان کی پوزیشن میں مزید بہتری آئی ہے۔
بابراعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی آسٹریلیا کے مارنس لیبوشن اور ٹریوس ہیڈ کی تنزلی کا نتیجہ تھی۔ لیبوشن اور ہیڈ حال ہی میں ختم ہونے والی ایشز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور وہ بڑا اسکور کرنے میں ناکامی پر اہم ریٹنگ پوائنٹس کھوبیٹھے۔ جس کے نتیجے میں لیبوشن تین درجے تنزلی کے بعد پانچویں جب کہ ہیڈ دو درجے تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
گذشتہ ہفتے بابر اعظم سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ مٰں کامیابی کے بعد پانچویں نمبر پر تھے۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بلے باز عبداللہ شفیق 27 درجے ترقی کر کے 21 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ پہلے ٹیسٹ میچ کے ہیرو سعود شکیل کیرئیر کی بہترین اننگز کھیل کر 705 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 15ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔