قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ایک بار پھر شہ سُرخیوں میں آگئے۔
ہوا کچھ یوں کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی ٹیکنالوجی) کے استعمال سے ان کی آواز کو سوشل میڈیا وائس اوورز میں نقل اور استعمال کرکے میم بنائی گئی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی گئی جو تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں شرکت کے لیے دبئی روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے پوچھا گیا کہ کس طرح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایسے متعدد کلپس سے بھر گئے ہیں جن میں بابراعظم کی آواز کے ساتھ بنائی گئی ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا فورمز پر گردش کررہی ہیں۔
اس موقع پر بابراعظم کو ان کی ایسی ہی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس پر بابراعظم ایک لمحے کے لیے پریس کانفرنس میں اپنی آواز سن کر پریشان ہوگئے اور معصومیت سے پوچھا کہ انہیں میری آواز کیسے ملی؟۔
ورلڈکپ اسکواڈ میں نسیم شاہ کی انجری کے بعد حسن علی کے سرپرائز سلیکشن کے بعد وقار ذکا کے ریئلٹی شو کی ایک مشہور میم ویڈیو انٹرنیٹ پر منظر عام پر آئی جس میں بابر اور حسن کے چہرے بدل دیئے گئے ہیں، اس ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ حسن علی بابر سے پوچھ رہے کہ کیا میری سلیکشن ہوگئی ہے۔