قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ سے ہونے والے میچ میں فتح کے قریب پہنچنے کے بعد شکست کی وجہ بتا دی۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے جیتنے کا اچھا موقع گنوا دیا جو کہ انتہائی مایوس کن اور قابل افسوس ہے کیونکہ ہم فتح کے قریب پہنچنے کے باوجود میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے بولرز نے زبردست مقابلہ کیا مگر افسوس کہ فتح کے قریب پہنچنے کے باوجود میچ ہمارے حق میں نہیں رہا، آئندہ تین میچز میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے شکست کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم نے موقع گنوایا وہیں جنوبی افریقہ کے کھلاڑی تبریز شمسی نے کنڈیشن کا فائدہ اٹھایا اور اُسی حساب سے بولنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ہونے والے میچز میں ہدف کے تعاقب میں ٹیم پر دباؤ تھا، آج ہم نے پلان کے تحت ہی گیم کھیلا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی۔