قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی کپتانی میں کھیلیں گے۔ کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میں رضوان کو وینکوور نائٹس کا کپتان مقرر کردیا گیا۔ اس رنگا رنگ اور دلچسپ ٹورنامنٹ میں سات پاکستانی اسٹارز شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم اب محمد رضوان کی کپتانی میں کھیلیں گے۔ کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں رضوان کو وینکوور نائٹس کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے، وینکوور کے اسکواڈ میں بابر اعظم کے علاوہ محمد عامر اور آصف علی بھی شامل ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے ڈیوائن پریٹورییس اور نیپال کے سندیپ لمیچانے بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
وینکوور نائٹس نے محمد رضوان کو کپتان بنانے کے اعلان میں ان نام کے ساتھ "سر" لکھا، وینکوور انتظامیہ کے مطابق سر رضوان اپنی زبردست بیٹنگ اور چاق و چوبند وکٹ کیپنگ کے ساتھ ٹیم کو فتحیاب کرانے کے لئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ 25 جولائی سے 11 اگست تک کینیڈا میں کھیلی جائےگی۔ پاکستان کے 7 اسٹارز ایکشن میں ہیں جن میں بابراعظم، محمد رضوان، آصف علی، محمد عامر، افتخار احمد، شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز شامل ہیں۔
بابر، آصف، عامر اور رضوان وینکوور نائٹس کی جانب سے کھیلنے جا رہے ہیں جبکہ شاہین اور نواز ٹورانٹو نیشنلز کی نمائندگی کریں گے اور افتخار بنگلہ ٹائیگرز مسی ساگا کا حصہ ہوں گے۔
اس لیگ میں محمد نبی، سنیل نارائن، شکیب الحسن، رحمان اللہ گرباز، ڈیوڈ ویز، حضرت اللہ زازئی، ڈیوڈ وارنر اور کارلوس براتھویٹ جیسے دیگر بین الاقوامی کرکٹرز بھی شامل ہوں گے۔ 2018ء میں منعقد ہونے والی لیگ کا پہلا ایڈیشن وینکوور نائٹس نے جیتا تھا اور دوسرا 2019ء میں ونی پیگ ہاکس نے جیتا تھا۔
گکوبل ٹی 20 کینیڈا کے دفاعی چیمپئن مونٹریال ٹائیگرز ہیں جنہوں نے فائنل میں نائٹس کو شکست دے کر 2023ء میں ٹائٹل جیتا تھا۔