بابر اعظم نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر 2022 جیتنے کے بعد اب سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر 2022 کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم یہ ایوارڈ جیتنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ ایوارڈ 2022 میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے نام کیا تھا۔
اس سے قبل بابر اعظم آئی سی سی کی جانب سے کرکٹر آف دی ایئر 2022 قرار پائے تھے۔
دوسری جانب پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بابر اعظم کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے کہا ہے کہ بابر نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو آئی سی سی مینز آف دی ایئر کا اعزاز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بابر اعظم نے آئی سی سی کا اہم ترین ایوارڈز جیت کر پاکستان کاسر فخر سے بلند کردیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ واٹ آ گریٹ نیوز، واہ جی واہ مبارک ہو بابر اعظم آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا،، انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی کارکردگی اور کامیابیاں محنت، لگن اور عزم کا صلہ ہیں۔
پی سی بی کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے حارث رؤف، محمد رضوان، ندا ڈار کو بھی مینز اور ویمن کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ ایوارڈز پوری کرکٹ ٹیم کو اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے مزید جذبہ اور حوصلہ دیں گے۔