قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھارت میں اپنی شادی کے سلسلے میں خریدی گئی مہنگی شیروانی اور لاکھوں کے زیورات کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر سایا گروپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈکپ کے دوران کپڑوں اور زیورات کی خریداری کے حوالے سے پھیلائی گئی جھوٹی خبروں کو مسترد کرتے ہیں۔
ٹوئٹ میں میڈیا سے درخواست کی گئی ہے کہ غلط معلومات یا پروپیگنڈے کے پھیلاؤ میں حصہ نہ لیں۔
کپتان بابراعظم نے سایا گروپ کی ٹوئٹ کو ایکس پر ری پوسٹ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا نے رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے کپتان نے مشہور بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی سے 7 لاکھ بھارتی کی شیروانی اور معروف دکان سے زیورات بھی خریدے تھے جن کی قیمت لاکھوں میں بتائی گئی تھی، تاہم اب کپتان بابر نے سایا گروپ کے توسط سے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔