پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے انکشاف کیا ہے کہ باصلاحیت کرکٹر بابر اعظم مستقبل قریب میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔
رضوان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے شاداب خان اور شاہین آفریدی کو شادی کے بندھن میں بندھنے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کیا اور شادی کے تقدس کو خدائی حکم کے طور پر اہمیت دی۔
رضوان نے ایک مقامی نیوز آؤٹ لیٹ کو بتایا کہ میں نے شاداب خان اور شاہین آفریدی کو شادی کرنے کو کہا اور بابر اعظم بھی بہت جلد شادی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی اللہ کا حکم ہے، میاں بیوی کا رشتہ بہت مقدس ہوتا ہے۔
رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ اپنے مضبوط رشتے پر بھی روشنی ڈالی اور اپنے تعلقات کو مثبت اور معاون قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ "بابر اور میں ایک بہت ہی مثبت رشتہ رکھتے ہیں۔ بعض اوقات، ہم رات کو دیر تک جاگتے اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات کرتے اور ایک دوسرے سے مشورہ کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ان کی دوستی اس حد تک وسیع ہے کہ جہاں وہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے آزادانہ طور پر ایک دوسرے کے کمروں میں داخل ہو سکتے ہیں، اپنے تعلق کی گہرائی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’عام طور پر ہم کسی کے کمرے میں داخل ہونے سے پہلے میسج کرتے ہیں یا کسی اور طریقے سے پیغام پہنچاتے ہیں لیکن میں اور بابر دوستی کی وجہ سے کسی بھی وقت ایک دوسرے کے کمرے میں داخل ہو سکتے ہیں۔،،