آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں بابر، رضوان اورشاہین کی ترقی

آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی ٹاپ تھری بیٹرز کی فہرست میں واپسی ہوگئی جبکہ ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں شاہین آفریدی ایک درجہ ترقی کرکے ٹاپ 10 میں واپس آ گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ میں پاکستانی کرکٹرز نے ترقی کی ہے۔ ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں بابر اعظم دو درجے بہتری کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے جبکہ سعود شکیل ایک درجے بہتری کے ساتھ 14ویں اور محمد رضوان ایک درجہ ترقی کرکے 17ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ 
ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں شاہین آفریدی ایک درجہ ترقی کر کے ٹاپ 10 میں واپس آ گئے ہیں۔ بابر اعظم اب بھی ون ڈے بلے بازوں کی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر ہیں لیکن ان کے بعد بھارتی بلے باز شھبمن گل صرف 23 پوائنٹس کے فرق کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ون ڈے بلے بازوں کی فہرست میں فخر زمان بدستور 13 ویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ امام الحق ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 16 ویں نمبر پر ہیں۔ 
شاہین آفریدی ون ڈے بولرز کی درجہ بندی میں بھی ایک درجہ بہتری کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ حارث رؤف بھی ایک درجہ ترقی کرکے 23ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے آف اسپنر روی چندرن ایشون نے آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔  بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بھمراہ آسٹریلیا کے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جس نے کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 6 وکٹیں لی تھیں۔ 
کلدیپ یادیو نے کیریئر کی نئی اعلیٰ درجہ بندی حاصل کی ہے اور انگلینڈ کے خلاف سات وکٹیں لے کر پلیئر آف دی میچ کارکردگی کے بعد گیند بازوں کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں مجموعی طور پر 15 درجے چھلانگ لگا کر 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ کیوی پیسر میٹ ہنری چھ درجے ترقی کر کے 12 ویں نمبرپر پہنچ گئے ہیں۔