بلوچستان ہائیکورٹ نے چیرمین پی سی بی کے الیکشن پر حکم امتناع جاری کردیا ہے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان، جسٹس عامر نواز رانا نے الیکشن روکنے کا حکم دیا، عدالت نے تاحکم ثانی الیکشن پر حکم امتناع جاری کردیا جبکہ 17جولائی تک سماعت ملتوی کردی گئی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق ممبر شکیل شیخ نے سماجی رابطے کی سائٹ پر آگاہ کیا اور عدالتی فیصلہ بھی ساتھ شیئر کیا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے 27 جون کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹرز میں الیکشن شیڈول تھا اور امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ ذکا اشرف پی سی بی کے نئے چیئرمین منتخب ہوجائیں گے۔
الیکشن کے انعقاد اور بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق رکن گل محمد کاکڑ نے عدالت میں درخواست دائر کی اور اسے غیر قانونی اقدام قرار دیتے ہوئے انتخاب روکنے کی استدعا کی تھی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالتی فیصلے تک چیئرمین کے الیکشن کو ملتوی اوربورڈ آف گورنرز کو معطل کیا جائے۔ جس کے بعد کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے تاحکم ثانی الیکشن پر حکم امتناع جاری کردیا جبکہ 17جولائی تک سماعت ملتوی کردی گئی۔