نیپالی کپتان سے نامناسب رویے پر بنگلہ دیشی فاسٹ بولر پر جرمانہ عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر تنظیم حسن ثاقب پر نیپال کے کپتان روہت پاوڈل کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر جرمانہ عائد کردیا۔ 
آئی سی سی نے بدھ کےروز ایک بیان میں کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں نیپال کی اننگز کے دوران بنگلہ دیشی فاسٹ بولر تنظیم حسن ثاقب تیسرے اوور کے اختتام پر گیند پھینکنے کے بعد جارحانہ انداز میں روہت پاوڈل کی طرف بڑھے اور ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔ 
تنظیم حسن ثاقب کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا اور ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ انہوں نے اپنا جرم بھی قبول کرلیا ہے۔
 
اس کے علاوہ تنظیم حسن ثاقب کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے لیے یہ 24 ماہ کی مدت میں ان کا پہلا جرم تھا۔ 
واضح رہے کہ سینٹ ونسنٹ میں اتوار کےروز گروپ ڈی کے میچ میں بنگلہ دیش نے نیپال کیخلاف 21 رنز سے فتح کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ 
اس میچ میں تنظیم حسن ثاقب کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں نے چار اوورز میں صرف 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کے اس شاندار اسپیل میں دو میڈان اوورز بھی شامل تھے۔