کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم بھی جل تھل ہوگیا۔
جمعے کے روز کراچی میں تیز بارش سے نیشنل اسٹیڈیم بھی متاثر ہوا،وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے گرائونڈ کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا، پی سی بی کے عملے نے نکاسی آب کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے، دوسری جانب پچز کو کور کرنے کے ساتھ اسکوائرکوخراب ہونے سے بچانے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے،البتہ آؤٹ فیلڈ میں پانی جمع ہوگیا۔
علاوہ ازیں انکلوژرزکے ساتھ اسٹیڈیم کے مختلف مقامات پربرساتی پانی موجود ہے، دوسری جانب خراب موسم کی پیشگوئی کے سبب کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں نے جمعے کو شیڈول پریکٹس سیشن پہلے ہی منسوخ کردیے تھے۔
موسم میں بہتری، انتظامیہ کی مشاورت اور سیکیورٹی کلیئرنس کی صورت میں دونوں ٹیمیں ہفتے کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی، دوسری جانب معدے کی تکلیف کا شکار ہونے والی کراچی کنگز کے کھلاڑی ڈوپلائے ابھی تک مقامی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
فرنچائز کے قریبی ذرائع کے مطابق انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹر کو ہفتے کے روز اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا ، دیگر متاثرہ کرکٹرز کی حالت بھی قدر بہتراورتسلی بخش ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے غیرملکی ہیڈ کوچ سمیت 13کھلاڑی فوڈپوائزن کاشکارہوگئے تھے، کراچی کنگز کی ٹیم نےکلفٹن کے ساحل پر واقع ہوٹل میں منعقدہ عشائیہ میں شرکت کی تھی جہاں کھانا کھانے کے بعد ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔