گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں جاری پلے آف مرحلے کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، پہلے بلےبازی کرتے ہوئے سلطانز نے قلندرز کو 161 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم شاہین الیون کی ٹیم محض 14.3 اوورز میں 76 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی اور یوں انہیں 84 رنز کی شکست برداشت کرنا پڑی۔
اس میچ میں لاہور کے کپتان شاہین آفریدی پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے لیکن وہ صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، شکست کے بعد سابق کرکٹرز نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ شاہین آفریدی بنیادی طور پر بالر ہیں، ان کا بیٹنگ کے لیے پانچویں نمبر پر آنے کا فیصلہ غلط تھا۔
ایک موقع پر قلندرز نے 19 کے اسکور پر 3 وکٹیں جلد گنوادی تھیں جس کے بعد شاہین نے خود کو پروموٹ کیا اور بیٹنگ کے لئے آگئے۔
وقار یونس نے کہا کہ قلندرز کے پاس حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزا ڈک آؤٹ میں موجود تھے، انہیں تینوں کرکٹرز کو موقع دینا چاہیے تھا، شاہین کے آؤٹ ہونے سے قلندرز کی امیدیں معدوم ہونا شروع ہوگئی تھیں۔