فاسٹ بولرزکا کوئی ڈرنہیں، پاکستانی بیٹرکسی بھی بولرکا سامناکرنے کوتیار

قومی ٹیم کے بہترین بلے باز کا کہنا ہے کہ کپتان ’’بابراعظم سے اپنی تعریف سننا اچھا لگتا ہے، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی فارم کو ون ڈے میں بھی برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔ 
قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنرعبداللہ شفیق کا کہنا تھا کہ بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں ان کے منہ سے اپنی تعریف سننا اچھا لگتا ہے،تاہم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کررہا ہوں۔ 
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوجوان کرکٹر عبدااللہ شفیق نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی فارم کو آنے والی تمام ون ڈے سیریز میں برقرار رکھنا چاہتا ہوں، ون ڈے کرکٹ اب تبدیل ہوچکی ہے، اس لیے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ پلان کے مطابق کھیلیں۔ 
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں قوم کا جذبہ مختلف ہوتا ہے مگر بطور کھلاڑی ہماری توجہ پرفارمنس پر مرکوز رہتی ہے۔ 
عبداللہ شفیق سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستانی بلے باز آئندہ ایشیا کپ میں جسپریت بمراہ جیسے فاسٹ بولرز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں گے؟جس پر انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولرزکا کوئی خوف نہیں، پاکستانی بیٹنگ لائن کسی بھی بولرکا سامناکرنے کوتیارہے۔
دوسری جانب لاہور میں افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیاکپ کیلئے قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ 
یاد رہے کہ قومی ٹیم کو افغانستان کے خلاف سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 22 اگست کو سری لنکا میں کھیلنا ہے۔