بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی) نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے عہدے کی مدت میں توسیع کردی۔
بدھ کے روز بی سی سی آئی کی جانب سے ٹیم کے معاون کوچنگ عملے کے ساتھ راہول ڈریوڈ کی بطور ہیڈ کوچ ملازمت کو بھی توسیع دینے کا اعلان کیا گیا۔
راہول ڈریوڈ کا معاہدہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ورلڈ کپ 2023 کے اختتام تک تھا لیکن بی سی سی آئی نے اب متفقہ طور پر اس مدت کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
راہول ڈریوڈ کی سربراہی کے دوران بھارتی ٹیم اپنی رینکنگ بہتر کرنے میں کامیاب رہی، تاہم، تین بار موقع ملنے کے باوجود آئی سی سی کی کوئی بڑی ٹرافی جیتنے میں ناکام رہی۔
عہدے کی مدت میں توسیع پر راہول ڈریوڈ کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کے ساتھ پچھلے دو سال مکمل طور پر یادگار رہے ہیں، ہم نے ایک ساتھ مل کر بلندی اور پستی کا مشاہدہ کیا ہے اور اس پورے سفر میں گروپ کے اندر تعاون اور ہمدردی غیر معمولی رہی ہے۔،،
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے راہول ڈریوڈ سے بہتر کوئی اور نہیں ہے۔