بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کی ورلڈکپ وینیوز میں تبدیلی کی درخواست مسترد کردی ہے، بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ پچز پر اعتراض وینیوز کی تبدیلی کی مضبوط وجہ نہیں ہے،سیکیورٹی کی بنیاد پر ہی کوئی فیصلہ ممکن ہوگا۔
پی سی بی نے ڈیٹا کی بنیاد پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ چنئی میں افغانستان اور بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈکپ میچ کا وینیو تبدیل کیا جائے، افغانستان سے میچ بنگلور اور آسٹریلیا سے چنئی میں رکھا جائے۔
پاکستان کا موقف ہے کہ چنئی کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہوگی جہاں افغان سلوبولرز مشکلات پیدا کریں گے،اس لیے کینگروز سے میچ وہاں شیڈول کردیا جائے۔
دوسری جانب پی سی بی نے احمد آباد میں بھارت کے خلاف میچ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کی تھی، پی سی بی نے جمعرات کو وینیوز سے متعلق اپنی رائے سے آگاہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بیٹنگ یا بولنگ کو سپورٹ کرنے والی پچز پر اعتراض وینیوز کی تبدیلی کی مضبوط وجہ نہیں، ابھی تک آئی سی سی نے مجوزہ وینیوز میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ شیڈول اور وینیوز پر ممبر ممالک کی رائے جاننا پروٹوکول کاحصہ ہے، سیکیورٹی ایشوزکی بیناد پر ہی تبدیلی ممکن ہوتی ہے، بھارت میں ہی ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016 میں ایسا ہوچکا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پچز کا جواز نہیں پیش کیا جاسکتا، سیکیورٹی کی بات کرتے ہوئے اس معاملے پر غور ممکن ہوسکے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے ابھی تک ورلڈکپ شیڈول کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کریں گے۔