بین اسٹوکس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا عندیہ دے دیا

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا عندیہ دے دیا۔
بین اسٹوکس نے گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وہ سارا فوکس اب ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر رکھنا چاہتے ہیں، تاہم اب رپورٹس آرہی ہیں کہ وہ ورلڈکپ میں کھیلنےکے لیے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کو تیار ہیں۔ 
برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کی جانب سے بات چیت پر اسٹوکس اپنی ریٹائرمنٹ واپس لے سکتے ہیں، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اسٹوکس ریٹائرمنٹ واپس لینے کی صورت میں آئی پی ایل نہیں کھیلیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریٹائرمنٹ واپس لینے کی صورت میں بین اسٹوکس مڈل آرڈر میں بیٹنگ کر سکتے ہیں، وہ ریگولر بیٹر کے طور پر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق گھٹنے کی انجری سے صحتیاب ہونے کے لیے اسٹوکس آئی پی ایل کا اگلا سیزن چھوڑسکتے ہیں، بین اسٹوکس کا آئی پی ایل میں 16 لاکھ پاؤنڈ کا معاہدہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں منعقد ہوگا جس میں انگلش ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔