معروف بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں مسائل کا ذمہ دار لاہور قلندرز کو قرار دے دیا۔
کرکٹ کی نامور ویب سائٹ کرک بز کو دیئے گئے انٹرویو میں ہرشا بھوگلے نے کہا کہ لاہور قلندرز کی فرنچائز کرکٹ کی دنیا میں کافی بااثر ہے، جس کی وجہ سے تنازعات جنم لے رہے ہیں، آپ دیکھ رہے ہیں کہ قیادت کا شور کہاں سے آرہا ہے۔
ہرشابھوگلے نے بطور کپتان شاہین آفریدی کے انتخاب پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انجریز کی وجہ سے قیادت ان کیلئے بوجھ بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کپتان کے طور پر شاہین آفریدی کا نام بہت زیادہ لیا جاتا رہا ہے، وہ لاہور قلندرز کو ٹائٹل بھی جتوا چکے ہیں، جس نے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا لیکن انکی انجریز تشویش کا باعث ہیں۔،،
ہرشا بھوگلے نے سوال اٹھایا کہ کیا ہوگا اگر پاکستان اگلے تینوں میچز میں جیت جاتا ہے، نیوزی لینڈ کی فتح، اچانک پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جاتا ہے، کیا یہ بابر کو ایک اچھا کپتان بنادے گا اور شاہین دعویدار نہیں رہیں گے۔؟
دوسری جانب ورلڈکپ میں مسلسل 4 شکستوں کے بعد قومی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں کامیابی نصیب ہوئی ہے جبکہ سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئےگرین شرٹس کو اپنے اگلے دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔