پی ایس ایل 9: گلیڈی ایٹرزکےلیے اچھی خبر، پشاوراوراسلام آباد کو لگاجھٹکا

پی ایس ایل 9 کے پلے آف مرحلے کے آغاز سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کو دھچکا لگ گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن نو کے پلے آف میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقابلے سے قبل اہم پلیئر واپس مل گیا ہے۔ ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر کولن منرو کی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایلیمینیٹر میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ 
کولن منرو، جو ٹورنامنٹ میں اسلام آباد کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، حالیہ میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے اور اب پہلے ایلیمینیٹر کے لیے ان کی دستیابی غیر یقینی ہے اور اگر اسلام آباد دوسرے ایلیمینیٹر کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو ان کی اگلے میچز میں شرکت کا حتمی فیصلہ ٹیم کا طبی عملہ کرے گا۔ 
ایک اور پیشرفت میں، پشاور زلمی کے لیے بری خبر ہے کہ پلے آف میں افغانستان کے تیز گیند باز نوین الحق کی خدمات سے محروم رہے گی۔ نوین الحق نے آئرلینڈ کے خلاف اپنی آنے والی انٹرنیشنل ٹی 20 سیریز کے لیے افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے کے لیے زلمی کے اسکواڈ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اپنے الوداعی پیغام میں نوین الحق نے پشاور زلمی کے فینز اور شائقین کا شکریہ ادا کیا اور پلے آف میں ٹیم کی کامیابی کی خواہش کا اظہارکیا۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار مڈل آرڈر بلے باز شیرفین ردرفورڈ، جو 9 مارچ کو ذاتی وجوہات کی بناء پر ٹیم سے باہر ہو گئے تھے، دوبارہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔ آخری تین میچوں میں رتھفورڈ کی غیر موجودگی، میں ایک اہم مقابلہ بھی شامل تھا، جس کی وجہ سے گلیڈی ایٹرز نے شیرفین ردرفورڈ کی کمی کومحسوس کیا۔ ان کی واپسی کپتان رائیلی روسو کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے، جن کا مقصد ٹیم کو دوسرے پی ایس ایل ٹائٹل تک پہنچانا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیمیں پی ایس ایل ایلیمینیٹر ون میچ میں (کل) آمنے سامنے ہوں گی۔ 
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا نواں ایڈیشن اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔ پی ایس ایل میں (کل)جمعہ کو ایلیمینیٹر ون میچ کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پنجہ آزمائی کریں گی۔ میچ رات 9بجے شروع ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل میچ 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔