بی پی ایل میں افتخار احمد کی دھواں دھار سینچری، 6 چوکے اور 9چھکے جڑدیئے

بنگلہ دیش میں جاری بی پی ایل میں افتخار احمد ’بریشال‘ جبکہ خوشدل شاہ ’کومیلا وکٹورینز‘ کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ گذشتہ روز افتخار احمد نے 45 گیندوں پر دھواں دھار سینچری اسکور کی جس میں نو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

افتخار احمد اور بریشال کے کپتان شکیب الحسن کی ناقابلِ تسخیر شراکت 192 رنز کی رہی جو ٹی ٹوئنٹی میچز میں پانچویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔

دوسری جانب خوشدل شاہ نے کومیلا وکٹورینز کے لیے صرف 24 گیندوں پر 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اس اننگز میں پانچ چھکے اور سات چوکے لگائے۔ 

افتخار احمد کی اس اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ انھوں نے اس دوران پاکستان فاسٹ بولر حارث رؤف کو ایک ہی اوور میں تین چھکے لگائے۔ 

ان دونوں بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کے بعد پاکستان میں یہ بحث اس وقت عروج پر ہے کہ رواں سال انڈیا میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ میں جہاں پچز پاکستان اور بنگلہ دیش جیسی ہوں گی وہاں افتخار اور خوشدل جیسے جارحانہ بلے بازوں کی ضرورت محسوس ہوگی۔

 افتخار احمد کی جانب سے پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا تھا اور انہوں نے اہم میچوں میں پاکستان کی بیٹنگ کو سہارا دیا تھا۔

دوسری جانب خوشدل شاہ ورلڈ کپ سے قبل ٹی ٹوئنٹی میچوں میں تو اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے لیکن گذشتہ برس ون ڈے میچوں میں ان کی کارکردگی اچھی رہی۔

اس وقت بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں متعدد پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں ہیں جن میں افتخار احمد اور خوشدل شاہ کے علاوہ حارث رؤف، محمد نواز، محمد رضوان، محمد عامر سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی کھلاڑی اب فروری میں پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئیں گے جس کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں ٹیم میں تبدیلیوں کی توقع کی جا رہی ہے۔