بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 106 رنز سے ہرادیا، جسپریت بھمراہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ، سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
وشاکھاپٹنم میں انگلینڈ سے دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر بھارت نے 1-1 سے برابری کرلی ہے، 9 وکٹیں لینے والے جسپریت بھمراہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا، لیکن ڈبل سنچری میکر جیسوال کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ سے ملنے والی شکست کا بدلہ وشاکھاٹنم میں لے کر سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا۔ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ بھارت نے 106 رنز سے جیت لیا۔
اس جیت کے ہیرو پلیئر آف دی میچ جسپریت بھمراہ رہے، جنھوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حالانکہ ڈبل سنچری میکر یشسوی جیسوال کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا جنھوں نے پہلی اننگز میں شاندار 209 رن بنائے تھے، اور اسی سے بھارتی ٹیم کو انگلینڈ پر بڑی سبقت بنانے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔
وشاکھاپٹنم ٹیسٹ کے چوتھے دن انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 67 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ شروعات ٹھیک ٹھاک ملی تھی کیونکہ نائٹ واچ مین ریحان احمد (23 رن) نے زیک کراؤلی کے ساتھ 45 رنوں کی شراکت داری کی، اور پھر کراؤلی نے اولی پوپ (23 رن) کے ساتھ 37 رنوں کی شراکت داری کی۔ لیکن ہر تھوڑے وقفہ پر وکٹیں گرتی رہیں جس نے انگلینڈ کو مشکل حالات میں ڈال دیا۔ جو روٹ میدان میں اترنے کے ساتھ ہی جارحانہ رنگ میں دکھائی دیے اور نتیجہ یہ ہوا کہ 10 گیندوں پر ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آسان کیچ دے بیٹھے۔ انھیں روی چندرن اشون نے اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس وقت انگلینڈ کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز تھا، یعنی ٹیم کو جیت کے لیے اب بھی 244 رنز کی ضرورت تھی۔
یہاں پر کراؤلی اور جوھنی بیرسٹو سے اچھی شراکت داری کی امید تھی، لیکن کلدیپ یادو کی ایک بہترین گیند پر کراؤلی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ امپائر نے ناٹ آؤٹ قراردیا تھا جس پر روہت شرما نے ڈی آر ایس لے لیا اور گیند وکٹ پر لگتی ہوئی دکھائی دی۔ کراؤلی نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور بیرسٹو کے ساتھ 40 رنز کی شراکت داری کی۔ پھر اس کے بعد ٹیم کو پویلین لوٹنے میں بہت زیادہ وقت نہیں لگا۔ بیرسٹو بھی جلد ہی 26 رنز بنا کر بھمراہ کا شکار ہو گئے۔ کپتان بین اسٹوکس بدقسمت رہے جو 11 رنز بنا کر شریاس ائیر کی ایک بہترین تھرو پر رَن آؤٹ ہو گئے۔ بین فوکس (36 رنز) اور ٹام ہارٹلی (36 رنز) نے کچھ حد تک مزاحمت ضرور کی، لیکن دونوں کو ہی بھمراہ نے پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ شعیب بشیر بغیر کوئی رن بنائے مکیش کمار کا شکار ہوئے۔ جیمس اینڈرسن 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پوری انگلش ٹیم 69.2 اوورز میں 292 رنز پر سمٹ گئی اور بھارتی ٹیم کو 106 رنز سے جیت حاصل ہو گئی۔
بھارت کی طرف سے پہلی اننگز میں 6 وکٹیں لینے والے جسپریت بھمراہ نے دوسری اننگز میں بھی اپنا جلوہ برقرار رکھا۔ انھوں نے 17.2 اوورز میں ہی 46 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 3 وکٹیں روی چندرن اشون کو بھی ملیں جنھوں نے 18 اوورز میں 72 رنز خرچ کیے۔ مکیش کمارنے5 اوورز میں 26 رنز دیئے، کلدیپ یادو نے15 اوورز میں 60 رنز دیئے اور اکشر پٹیل کو14 اوورز میں 75 رنز دینے کے بعد ایک، ایک وکٹ حاصل ہوئی۔
پلیئر آف دا میچ کا اعزاز پانے والے بھمراہ نے بات چیت کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد اپنی بولنگ پر وسیم اکرم اور وقار یونس کے اثر کو تسلیم کیا۔