بھارتی ٹیم کے پیسر جسپریت بمراہ اپنے آبائی شہر احمدآباد میں شیڈول پاک بھارت مقابلےکے لیے انتہائی پُرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ احمد آبا دمیں پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا ان کے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے اس کے ساتھ ساتھ وہ پاک بھارت میچ سے بڑھ کر اپنی والدہ سے ملنے کیلئے بھی بے تاب ہیں جن سے ان کی خاصے عرصے سے ملاقات نہیں ہوئی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا اہم میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے جبکہ بھارتی پیسر جسپریت بمراہ کا تعلق بھی احمد آباد سے ہے۔
پاکستانی ٹیم کل احمد آباد پہنچ گئی تھی جبکہ بھارتی ٹیم آج دہلی سے احمد آباد پہنچے گی۔
اس اہم میچ کے بارے میں جسپریت بمراہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ کی خوشی اپنی جگہ پر مگر انہیں اپنی والدہ سے بھی ملنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی والدہ سے خاصے عرصے بعد ملوں گا اور میرے لیے اولین بات یہی ہے۔
جسپریت بمراہ کا کہنا ہے کہ والدہ سے ملنے کے بعد میری توجہ کسی اور چیز پر ہوگی، میں اپنی فیملی سے کچھ عرصے سے دور ہوں، میں گھر پر اپنی والدہ سے مل کر یقیناً بے حد خوشی محسوس کروں گا۔
بھارتی فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ میں نے احمد آباد میں پہلے کبھی ون ڈے میچ نہیں کھیلا البتہ ٹیسٹ میچ کھیل چکا ہوں، ہفتے کو میچ کا ماحول بڑا شاندار ہوگا اور بڑی تعداد میں دونوں ٹیموں کے مداح اسٹیڈیم آئیں گے، مجھے امید ہے کہ یہ میچ سب سے بہترین ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جسپریت بمراہ کی والدہ دلجیت بمراہ اسکول پرنسپل ہیں اور انہون نے سنگل مدر کے طور پر جسپریت بمراہ کی پرورش کی کیونکہ بمراہ کی عمر 5 سال سے بھی کم تھی جب ان کے والد وفات پاگئے تھے۔