انگلینڈ اوربھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ دھرم شالہ میں 7 مارچ سے کھیلا جائے گا۔ اس ٹیسٹ میچ کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیاہے۔
ایک طرف جسپریت بھمراہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تو وہیں واشنگٹن سندر کو رنجی میچ کھیلنے کے لیے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ کے ایل راہل ایک بار پھر ٹیم میں اپنی جگہ نہیں بنا پائے کیونکہ وہ ابھی تک پوری طرح صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں۔
بی سی سی آئی کے تازہ ترین بیان میں بتایا گیا ہے کہ کے ایل راہل کا دھرم شالہ ٹیسٹ میں کھیلنا فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے پر منحصرتھا، لیکن راہل چونکہ ابھی ریکور نہیں ہوسکے ہیں جس کی وجہ سے وہ سیریز کے پانچویں ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کے ایل راہل کا خیال رکھ رہی ہے اور بہتر علاج کے لیے انھیں لندن بھیجا گیا ہے۔
بی سی سی آئی نے بتایا ہے کہ ’’جسپریت بھمراہ کو رانچی ٹیسٹ سے پہلے ٹیم سے ریلیز کر دیا گیا تھا، لیکن پانچویں ٹیسٹ کے لیے بھمراہ کی واپسی ہوئی ہے۔ بھمراہ دھرم شالہ میں بھارتی ٹیم کو جوائن کریں گے۔‘‘
واشنگٹن سندر کے بارے میں بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ’’واشنگٹن سندر کو رنجی میچ (سیمی فائنل) کھیلنے کے لیے ریلیز کیا گیا ہے۔ سندر تمل ناڈو کی طرف سے ممبئی کے خلاف رنجی میچ کھیلیں گے۔ ضرورت پڑنے پرسندر آخری ٹیسٹ کے لیے بھارتی ٹیم کو جوائن کرلیں گے‘‘
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم میں اس وقت کئی نئے کھلاڑیوں کو موقع ملا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کئی سینئر کھلاڑی یا تو انجریزکی وجہ سے باہر ہیں، یا پھر ذاتی وجوہات کی بنا پر ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ محمدشامی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں بن پائے کیونکہ حال ہی میں انھوں نے لندن میں آپریشن کرایا ہے۔ وہ تین چار ماہ بعد ہی میدان میں واپس نظر آئیں گے۔ ویرات کوہلی کے گھر دوسرے بچے کی آمد ہوئی ہے اور وہ ان دنوں اپنی فیملی کے ساتھ خوشگوار وقت گزار رہے ہیں۔
اگرچہ ویرات کوہلی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی میچ کا حصہ تھے، لیکن بعد میں ان کی درخواست پر بورڈ نے انہیں ٹیم سے ریلیز کر دیاتھا۔
دھرمشالہ ٹیسٹ کے لیے بھارتی پلیئنگ الیون:
روہت شرما (کپتان)، جسپریت بھمراہ، یشسوی جیسوال، شبھمن گل، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، دھورو جوریل، کے ایس بھرت، دیودت پڈیکل، روی چندرن ایشون، رویندر جدیجا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار، آکاش دیپ۔