ٹی20 ورلڈکپ 2024 سے قبل قومی ٹیم کپتان کی تبدیلی سے متعلق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی رات گئے پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی سٹیڈیم میں اہم اجلاس طلب کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے بارے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کو سفارشات پیش کیں جبکہ کوچز سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔
اس اہم اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، سلیکشن کمیٹی کے اراکین محمد یوسف، وہاب ریاض، عبدالرزاق، بلال افضل اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی شریک تھے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام بابر اعظم کو ایک بار پھر ذمہ داری سونپنے کا تقریبا ذہن بنا چکے، البتہ وہ سابقہ تجربے کی وجہ سے بعض یقین دہانیاں چاہتے ہیں، پلان بی کے طور پر محمد رضوان بھی موجود ہیں، اگر بابر کو نہیں منایا جا سکا تو انھیں ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔
اس تمام صورتحال میں سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو تاحال بورڈ نے اعتماد میں نہیں لیا۔