چیئرمین پی سی بی کی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے نئی شرائط

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے نئی شرائط رکھ دیں۔ کہتے ہیں ٹیم کی حرکیات کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور ٹیم کو بورڈ کی ہدایات پر عمل کا پابند بنایاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے معیار میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی نے زور دیا کہ فٹنس اور کارکردگی اب سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے اہلیت کا تعین کرے گی۔ 
دوسری جانب 210 ڈومیسٹک کرکٹرز کے کنٹریکٹس ختم کرنے پر بھی غور کیا جانے لگا۔ پی سی بی کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے پر غور کیا جانے لگا ہے۔ تینوں فارمیٹس میں چیمپئنز کپ کھیلنے والے کرکٹرزسے ہی معاہدوں کی تجویز سامنے آئی ہے،ایونٹ میں 5 ٹیمیں شامل ہوں گی، ہر ٹیم میں 30 ٹاپ کرکٹرز ہوں گے، انہی 150 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس ملیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال 360 کرکٹرز کے ساتھ بورڈ کا معاہدہ ہوا تھا۔ البتہ ذرائع کے مطابق اب پی سی بی 210 ڈومیسٹک پلیئرز کے کنٹریکٹس ختم کرنے پر غور کررہا ہے۔ 
چیمپئنز کپ میں ٹیموں کا مینٹور شاہد آفریدی، یونس خان، وقار یونس،مصباح الحق و دیگر سابق کرکٹرز کو بنایا جا سکتا ہے۔