انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کا 3 رکنی وفد مستقبل قریب میں پاکستان میں منعقد ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کراچی پہنچ گیا۔
آئِی سی سی کا تین رکنی وفد آج نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں انتظامات کا جائزہ لے گا۔ پاکستان فروری 2025 میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی ہیڈآف ایونٹس کرس ٹیٹلی کی قیادت میں وفد کے دوسرے ارکان میں سینئر مینجر ایونٹ آپریشن سارہ ایگراورایونٹ آپریشن مینجر عون محمد زیدی شامل ہیں۔
کراچی اسٹیڈیم کا معائنہ کرنے کے بعد وفد کی سکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں کے حکام اور اہکاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
پروگرام کےمطابق وفد بدھ کے روز راولپنڈی اسٹیڈیم کے معائنے کے بعد پی سی بی کے سربراہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کرے گا۔
کراچی، لاہوراورراولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لینے اورپی سی بی آفیشلز سے ملاقاتوں کے بعد وفد اپنی رپورٹ تیارکرکےممبرممالک سے شیئرکرے گا۔