انٹرنیشنل کوکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کی نئی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق بھارتی ٹیم کے اسپنر روی بشنوئی نے تازہ ترین آئی سی سی مینز پلیئر رینکنگ میں نمبر 1 بولر بن کر انٹرنیشنل لیول کے بولرز میں ایک نیا اضافہ کیا ہے۔
روی بشنوئی نے صرف پچھلے سال کے آغاز میں ہی بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کیا تھا، لیکن اپنے ملک کے لیے ان کی جانب سے دکھائی گئی مستقل کارکردگی نے 23 سالہ نوجوان کوآئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں چار مقامات پر اعلیٰ مقام کا دعویٰ کرنے کا اہل بنا دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ نئی رینکنگ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز سوریا کمار یادیو کا ٹی 20 رینکنگ میں پہلا نمبر برقرار ہے۔ ٹی 20 کی نئی رینکنگ کے مطابق بیٹرز کی رینکنگ میں سوریا کمار یادیو کا پہلا نمبر مستحکم ہے جبکہ محمد رضوان دوسرے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں روی بشنوئی پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ افغانستان کے راشد خان کا دوسرا نمبر ہے۔ ٹی ٹونٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے کھلاڑی شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
دوسری جانب ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ جوروٹ دوسرے اور آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کا آئی سی سی کی نئی ریننگ میں چوتھا نمبر ہے۔
نیوزی لینڈ کے ڈیرل میچل ایک درجے ترقی کے بعد 7 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم کی بھی چار درجے ترقی ہوئی ہے جس کے بعد وہ نمبر 20 پر براجمان ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشون کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
آئی سی سی کی بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا کی دوسری پوزیشن ہے جبکہ ٹیم آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز اور پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی ایک ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے اور پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی تین درجے ترقی کے بعد 11 ویں اور آسٹریلیا کے میچل اسٹارک تین درجے ترقی کے بعد 10 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
علاوہ ازیں ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے کھلاڑی رویندرا جڈیجا کا پہلا نمبر ہے۔