پی سی بی نے مشکوک ماضی کے حامل کوچ کو ایمرجنگ ٹیم کی ذمہ داری سونپ دی لہٰذا اعجاز جونیئر برطرف ہونے کے کئی برس بعد ملازمت پر بحال ہوئے اور اب تیزی سے ’’ترقی‘‘کی منازل طے کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ’’مشکوک سرگرمیوں‘‘ کے سبب برطرف شدہ اعجاز جونیئرکو ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کیلیے قومی ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا، کئی برس قبل جب وہ فیصل آباد کے کوچ تھے توایک ڈومیسٹک میچ میں ٹیم پر جان بوجھ کر ہارنے کا الزام سامنے آیا، بعض کھلاڑیوں نے یہ منصوبہ جان کر میچ میں کھیلنے سے ہی انکار کر دیا تھا، مبینہ فکسنگ کی وجہ بعض دیگر سائیڈز کی پوزیشن مستحکم کرنا تھی، پی سی بی نے معاملے کی تحقیقات کیں اور کوچ کو قصوروار پاتے ہوئے ملازمت سے برطرف کر دیا۔
حیران کن طور پر چند سال بعد انھیں دوبارہ ملازمت پر رکھ لیا گیا، ان کے ’’گھریلو حالات‘‘ کو بنیاد بنا کر ایک سابق قومی کپتان اور اسلام آباد کرکٹ کی بااثر شخصیت نے حکام سے سفارش کی تھی، اس کے بعد اعجاز جونیئر کو جن ٹیموں کی کوچنگ سونپی گئی وہ اچھا پرفارم نہ کر سکیں، مگر اب حیران کن طور پر انھیں ایمرجنگ ٹیم کا کوچ بنا دیا گیا ہے۔
سابق کرکٹر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بعض آفیشلز بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں، اس فیصلے سے دیگر کوچز کی حق تلفی ہوئی اور ان میں بے چینی کی لہر پائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر پی سی بی ترجمان نے کہا کہ ماضی میںجب کوچز کی تعداد کم کی تو اعجاز جونیئر کو ملازمت سے ہٹایا گیا تھا، ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات میں کچھ ثابت نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ اعجاز جونیئرنے پاکستان کے لیے 2 ٹیسٹ اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔