کراچی: پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو مستقل انشورنس کور فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا،جولائی میں ملنے والے سینٹرل کنٹریکٹ سے اس کا آغاز ہوگا، فیملیز کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کے مطابق مستقبل میں ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو بھی یہ سہولت دینے پر غور کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس وقت قومی کرکٹرز کوکسی انجری کی صورت میں بورڈ علاج میں معاونت فراہم کرتا ہے، بیرون ملک جانے کی صورت میں بھی مدد ہوتی ہے، البتہ اب اس سلسلے کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے تمام کرکٹرز کو مکمل انشورنس کور فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جولائی سے شروع ہونے والے معاہدوں سے اس کا آغاز ہوگا، کھلاڑیوں کی بیگمات اور بچے بھی اس پالیسی کا حصہ ہوں گے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ فی الحال تو قومی کرکٹرز کی ہی انشورنس کروا رہے ہیں البتہ مستقبل میں ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو بھی اس پالیسی میں شامل کریں گے۔ وسیم خان نے کہا کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کوئی کمی نہیں کر رہے بلکہ اضافہ ہی کیا جائے گا۔
اس حوالے سے چیئرمین احسان مانی سے مشاورت جاری ہے، جلد کوئی اعلان کر دیا جائے گا۔ ایک سوال پر انھوں نے واضح کیا کہ دورۂ انگلینڈ کیلیے کسی پاکستانی کرکٹر کو کوئی اضافی معاوضہ نہیں دیا جائے گا، تمام کھلاڑی پروفیشنل اور انھیں ماہانہ تنخواہوں کے ساتھ معقول میچ فیس بھی ملتی ہے۔ واضح رہے کہ جب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی تو بعض ٹیموں کو یہاں کھیلنے پر اضافی ادائیگی بھی کی گئی تھی، اس تناظر میں بعض حلقے یہ باتیں کر رہے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی انگلینڈ جانے کا رسک الاؤنس دینا چاہیے۔