انگلش آل راؤنڈر ٹام کرن پر امپائر کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے نتیجے میں 4 میچز کی پابندی عائد کردی گئی۔
بگ بیش میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے انگلش آل راؤنڈر ٹام کرن کو جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امپائر کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی گئی۔
یہ واقعہ 11 دسمبر کو سڈنی سکسرز اور ہوبارٹ ہوریکنز کے درمیان میچ سے قبل پیش آیا جب ٹام کرن میچ سے قبل کی معمول کی پریکٹس کررہے تھے، فورتھ امپائر نے انھیں رن اپ پریکٹس کے دوران پچ پر دوڑنے سے منع کیا، جس پر وہ وکٹ کے دوسرے اینڈ کی جانب جاکر پھر رن اپ پریکٹس کرنے لگے، جس پر امپائر نے اسٹمپ کے قریب پہنچ کر ٹام کرن کو پچ پر دوڑنے سے روکنے کی کوشش کی تو وہ ایمپائر کی تنبیہ کو خاطر میں لائے بغیردوبارہ پچ پر بھاگنے لگے اور بھاگتے ہوئے ایمپائر سے ٹکراتے ہوئے بچے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے کھلاڑی کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر 4 میچز کی پابندی عائد کردی جبکہ سڈنی سکسرز نے فیصلے کیخلاف اپیل کر دی ہے۔