پاکستانی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے پرغور نہیں کررہا، ڈیرن سیمی     

ٹیم ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ فی الوقت پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے قطعی طور پر غور نہیں کر رہے۔ 
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی کے تربیتی سیشن کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے قومی ٹیم میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے حوالے سے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ پشاور زلمی کی کوچنگ پر ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت صرف اپنی ٹیم کو پی ایس ایل کا ٹائٹل جتوانا چاہتے ہیں اس لیے پاکستان کی قومی ٹیم کی کوچنگ سمیت کسی بھی چیز پر توجہ نہیں دے رہے۔  
سابق ویسٹ انڈین کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل کے اب تک ہونے والے تمام نو ایڈیشنز میں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہماری واحد  ٹیم کی کارکردگی قابل ذکر ہے۔ پی ایس ایل کے ہر سیزن میں پلے آف کے لیے ٹیم کا کوالیفائی کرنا ہمارے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر حسن علی اور آل راؤنڈر وہاب ریاض جیسے کھلاڑیوں نے پشاور زلمی کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا، ڈیرن سیمی نے ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ درست سمت میں ہیں اور انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ 
پشاور زلمی کے  ہیڈ کوچ  کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی قیادت میں سبھی کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، محمد حارث اور صائم ایوب مستقبل کے بہترین کھلاڑی ہیں۔