سزا یافتہ آسٹریلوی پلیئر ڈیوڈ وارنر نئے تنازع کا شکار

 آسٹریلیا کے پابندی کے شکار بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے گریڈ کرکٹ میں ایک نیا تنازع چھیڑ دیا، وہ حریف کھلاڑی کی فقرے بازی پر بیٹنگ چھوڑکرفیلڈ سے باہرچلے گئے۔

ڈیوڈ وارنر پررواں برس کے آغاز میں دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ کی وجہ سے ایک برس کی پابندی عائد ہے تاہم انھیں کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت حاصل اور اسی لیے وہ سڈنی میں گریڈ کرکٹ  کھیل رہے ہیں جہاں پر رینڈ وک پیٹرشام کی جانب سے ویسٹرن سبربزکیخلاف کھیلتے ہوئے انھوں نے یہ حرکت کی، 35 کے انفرادی اسکور پر وہ فیلڈ چھوڑ کر چل دیے، کہا جارہا ہے کہ ان پر حریف سائیڈ کے جیسن ہیوز نے فقرہ کسا جوکہ آنجہانی آسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوز کے بھائی ہیں۔

وارنر نے امپائر سے کہا کہ وہ بیٹنگ جاری نہیں رکھیں گے اور واپس لوٹ گئے تاہم وہاں پر ساتھی کھلاڑیوں کے سمجھانے پر وہ واپس بیٹنگ کیلیے روکے، امپائرز نے بھی انھیں نہیں روکا جبکہ حریف ویسٹرن سبربز کی جانب سے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا گیا، واپسی پر وارنر نے سنچری اسکورکی اورآخر کار دن کے اختتام کے قریب وہ 157 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

ان کے میدان چھوڑنے کی خبر پر کئی چینلزکے نمائندے وہاں پہنچ گئے تھے تاہم وانر نے نہ تو چائے کے وقفے اور نہ ہی دن کے اختتام پر کوئی بات کی، دونوں ٹیموں کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم سوشل میڈیا پر شائقین کی اکثریت نے وارنر کو اس حرکت پرشدید تنقیدکا نشانہ بنایا۔