سابق کیوی کھلاڑی ڈیوڈ وائٹ پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وائٹ اب آئی ایل ٹی 20کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر کام کررہے ہیں، پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کوخصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز شاندار صلاحیتوں کے حامل ہیں،میرے دل میں ان کے لیے ہمیشہ نرم گوشہ اور احترام رہا ہے، پاکستان نے دنیائے کرکٹ کو بہترین پلیئرز دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور سے اب تک ملک میں ٹیلنٹ کی کبھی کمی نہیں رہی،انٹرنیشنل کرکٹ میں سخت مقابلے کی اہلیت رکھنے والے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آتے رہتے ہیں، ہمیشہ سے پاکستان کی کارکردگی غیریقینی ہونے کی بات ہوتی ہے مگر نمایاں کرکٹرزکے سامنے آنے کا سلسلہ کبھی نہیں رکتا۔
ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20میں پاکستانی پلیئرز کی شرکت خوش آئند ہے، شاندار مہارت رکھنے والے شاہین شاہ آفریدی کو یہاں ایکشن میں دیکھنا بڑی خوشی کی بات ہے،لیگ میں کرکٹ کا مجموعی معیار بہت اچھا ہے، معیاری پچز پر اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں، ٹیموں میں یواے ای کے 2مقامی پلیئرز کی شمولیت کی پالیسی سے ملکی کرکٹ کو بھی فائدہ حاصل ہورہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے پاکستان سے قریبی تعلقات ہیں،گرین شرٹس حال میں ٹی 20سیریز کھیل کر واپس لوٹے ہیں، کیویز بھی پاکستان کھیلنے کے لیے جائیں گے،دونوں ٹیموں کو امریکا میں رواں سال ہونے والے ٹی20ورلڈکپ کی تیاری کا بہترین موقع ملے گا۔
ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ میری اپنی بھی پاکستان سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں،میں ایک خوبصورت ملک میں اپنے قیام سے ہمیشہ لطف اندوز ہوا،ہم پشاور میں ون ڈے میچ سے قبل افغان بارڈر بھی دیکھنے کے لیے گئے تھے۔