پی ایس ایل9: افتخاراحمد اورجیسن رائے کے جھگڑے پر ڈیوڈ وِلی کا اظہارِخیال

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن9 کے آخری گروپ میچ میں جیسن رائے اور افتخار احمد کے جھگڑے پر ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی نے لب کشائی کردی۔ 
میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی نے بتایا کہ جیسن رائے کا میری گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کے بعد جھگڑا ہوا، ریویو لینے کے بجائے بیٹر نے افتخار احمد کی طرف دیکھا اور تلخ جملوں کا تبادلہ کیا اور اتنے میں ریویو کا وقت چلا گیا۔ 
انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران کھلاڑیوں میں زبانی چھیڑ چھاڑ چلتی رہی ہے، جو کھیل کا حسن ہے۔ ہم کرکٹ کے میدان میں پُرجوش ہوتے ہیں اور میچ میں کامیابی کے لئے اُترتے ہیں،ایسے میں کسی لمحے میں کسی کھلاڑی کا جذباتی ہوجانا بالکل فطری ہے۔ 
دوسری جانب جیسن رائے کی جانب سے اس بارے میں ابھی تک کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ گذشتہ روز (منگل کی شب) ملتان سلطانز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بیٹر جیسن رائے کے آؤٹ ہونے کے بعد فیلڈر افتخار احمد نے ہاتھ کا اشارہ کیا اور ان پر طنزیہ جملے کسے، جس پر پویلین کی جانب لوٹنے والے جیسن رائے واپس آئے اور  افتخار احمد کے جملوں کا جواب دیا۔ 
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تکرار کے دوران ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بیچ میں آگئے اور معاملے کو رفع دفع کرایا۔ بعد ازاں جیسن رائے غصے کی حالت میں ڈریسنگ روم میں پہنچے اور اپنے گلوز اور پیڈ پھینکے۔
کیمرے کی آنکھ میں جیسن رائے کو ڈریسنگ روم میں واپس جاتے ہوئے واضح اشتعال کا مظاہرہ کرتے دیکھا گیا، ٹیم کے ڈگ آؤٹ کے پاس اپنا بیٹ اور ہیلمٹ پھینک کر جیسن رائے نے اپنی مایوسی اور ناگواری کا اظہار کیا۔  
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود کے درمیان بھی ایک میچ میں ریویو کے معاملے پر تکرار ہوئی تھی،  تاہم میچ کے اختتام پر دونوں نے فیلڈ میں ہونے والی تلخ کلامی پر تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان غلط فہمی ہوگئی تھی۔