بھارتی بولرز کے بجائے شاہین، نسیم اور حارث کو ترجیح دوں گا، دنیش کارتک

بھارتی کمنٹیٹر دنیش کارتک نے پاکستانی ٹیم کے زبردست بولنگ اٹیک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کی قوت اور خامیوں کو اجاگر کیا۔
کرک بز پر بات چیت کرتے ہوئے دنیش کارتک نے پاکستان کے تینوں بولرز کی مسلسل 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے کی صلاحیت کی کھل کر تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا کارنامہ ہے جو انہیں دوسرے بولرز سے ممتاز کرتا ہے۔ 
جب ان سے پاکستان اور بھارت کے تیز رفتار بولرز(محمد شامی، جسپریت بمراہ، محمد سراج، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رئوف) کے درمیان انتخاب کرنے کے لیے کہا گیا تو دنیش کارتک نے مین ان گرین کا انتخاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "شاہین، حارث رؤف اور نسیم 90 میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے لگاتار بولنگ کرسکتے ہیں اور تینوں کا نیچرل اسٹائل بہت مختلف ہے۔ شاہین شاہ آفریدی لیفٹ آرم پلیئر ہیں، ان کا الگ اینگل ہے اور وہ گیند کو واپس اندر لاتے ہیں، نسیم شاہ گیند کو دونوں طرف سے سوئنگ کرتے ہیں جبکہ حارث رئوف اپنی اسکڈ اور باؤنسر کی وجہ سے اس وقت دنیا کے بہترین پیسرز میں سے ایک ہیں‘۔ 
دنیش کارتک کے دلچسپ دعووں میں سے ایک یہ تھا کہ وہ پاکستانی پیسرز کی بجائے فلیٹ وکٹوں پر جسپریت بمراہ، محمد سراج اور محمد شامی پر مشتمل ہندوستانی باؤلنگ اٹیک کا سامنا کرتے ہوئے زیادہ بہترمحسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بولرز کی طرف سے پیدا ہونے والا باؤنس ایک بڑا چیلنج بن جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میرے لیے یہ فلیٹ وکٹوں پر کہیں زیادہ طاقتور اٹیک ہیں، اگر پچ میں کچھ ہو تو دونوں اٹیک ہر وقت بہت برابر ہو جاتے ہیں لیکن اگر مجھے اٹیک کھیلنا پڑا تو مجھے احساس ہے، میرے پاس شاید اس کا بہتر موقع ہے۔ 
جسپریت، بمراہ، سراج اور شامی کو صرف اس لیے کھیلنا ہے کہ انہیں جو باؤنس ملے گا وہ اس سے تھوڑا کم ہوگا جو یہ تینوں بولرز پاکستان کی جانب سے کر سکتے ہیں‘‘۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روزپاکستانی پیسرز نے ایشیا
ءکپ میں بھارتی ٹیم کی تمام 10 وکٹیں حاصل کرنے والے تیز گیند بازوں کا پہلا سیٹ بن کر تاریخ رقم کی تاہم تیز بارش کے باعث میچ بغیر کسی نتیجے کے منسوخ کر دیا گیا۔ پاکستان اور بھارت نے بالترتیب 3 اور 1 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ پاکستان نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔