ڈربن قلندرز کی شاندار فتح، زم ایفرو ٹی 10 لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

زم ایفرو ٹی 10 لیگ کے فائنل میں آصف علی کی شاندار پرفارمنس نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے،ڈربن قلندرز نے جوہانسبرگ بیفلوز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ 
ڈربن قلندرز کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افغانستان کے ہارڈ ہٹنگ بلے باز حضرت اللہ زازئی نے صرف 22 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹاپ اسکورر کے طور پر سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے میں کھیلے گئے فائنل میں جوہانسبرگ بیفلوز نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے ،128 رنز کا ہدف ڈربن قلندرز نے آصف علی کی طوفانی اننگز کی بدولت باآسانی حاصل کرلیا، آصف علی نےایک بار پھر سے ایشیا کپ 2022 میں انڈیا کے خلاف پرفارمنس کی یاد تازہ کردی، جہاں آصف علی نے انتہائی سنگین حالات میں مسلسل 2 چھکے لگا کر میچ کا پانسا
 پلٹ دیاتھا۔ 

زم ایفرو ٹی 10 لیگ کے فائنل میں 128 رنز کا ہدف ڈربن قلندرز نے 4 گیند پہلے ہی حاصل کرلیا، حضرت اللہ زازئی نے 43 اور آصف علی نے 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس دوران ٹم سیفرٹ نے 30 اور آندرے فلیچز نے 29 رنز کی باری کھیلی۔ پہلی بیٹنگ میں جوہانسبرگ بیفلوز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ ٹام بینٹن نے 36، محمد حفیظ نے 32 اور یوسف پٹھان نے 25 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روی بوپارا 22 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔
فائنل میں زبردست  پرفارمنس کے باعث آصف علی ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں، شائقین کرکٹ ان کے چھکوں کی ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے دادوتحسین سے نواز رہے ہیں۔