پاکستانی کرکٹرز کے مثبت کورونا ٹیسٹ کے باوجود انگلش بورڈ نے سیریز پر خدشات مسترد کردیے۔
ایم ڈی ایشلے جائلز کا کہنا ہے کہ میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، کھلاڑیوں کی صحت اور سلامتی اولین ترجیح ہے، اس کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا جا رہا ہے، یہ درست ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال اچھی نہیں لیکن ایسے حالات کا سامنا پوری دنیا کو کرنا پڑرہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ آکر بہترین بائیو سیکیور ماحول میں رہے گی، سیریز کے شروع ہونے میں کافی وقت ہے، مجھے یقین ہے کہ اس وقت تک حالات مزید اچھے ہوجائیں گے۔
جائلز نے کہا کہ اس وقت مشکل صورتحال ہے، عوام کا مورال بلند کرنے کے لیے بھی کھیلوں کے میدان سجانے کی سخت ضرورت ہے،ہر جگہ غیر یقینی حالات ہیں، ویسٹ انڈیز سے سیریز کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، پاکستانی اسکواڈ کے لیے بھی بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔